50

نااہلی کیس: فیصل واوڈا کو 9 فروری تک جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع

اسلام آباد: (سماء نیوز) الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو 9 فروری تک جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دے دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ جو جتنا بڑا آدمی ہو الیکشن کمیشن پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا، کسی کے دباؤ کا شکار نہیں ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ دوران سماعت فیصل واوڈا کے وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ درخواستیں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت فیصل واوڈا کے پاس امریکہ کی شہریت نہیں تھی، اس سے پہلے دوہری شہریت تھی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے قبول کرلیا فیصل واوڈا کے پاس دوہری شہریت تھی، بتائیں فیصل واوڈا نے شہریت کب چھوڑی۔ وکیل بولے اس کے لیے مرکزی کونسل سے ہدایات لینا پڑیں گی۔ ممبر پنجاب نے کہا کہ اگر آپ کو معلوم نہیں تو یہاں کیا لینے آئے ہیں، آپ لوگوں کے ایسے کاموں سے ہمیں باتیں سننا پڑ رہی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے دو درخواست گزاروں کو دلائل دینے کے لئے بھی آخری موقع دے دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں