34

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دہائی ایوارڈز، مصباح الحق اور یاسر شاہ شامل

دبئی: (سماء نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دہائی کے ایوارڈز کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق کو سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ اور یاسر شاہ کو بہترین ٹیسٹ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

آئی سی سی نے سالانہ ایوارڈز کی بجائے اس بار دہائی کے ایوارڈز کا اعلان کیا۔ مینز اور ویمنز کی دس کیٹگریز کے لئے 60 نامزدگیاں کی گئیں اور ہر کیٹگری کے فاتح کا انتخاب شائقین کی ووٹنگ کے ذریعے 18 دسمبر کو کیا جائے گا۔

سابق کپتان مصباح الحق 2016ء میں آئی سی سی سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ ٹیسٹ کیٹگری میں شامل ہونے والے یاسر شاہ نے 42 ٹیسٹ میچوں میں 224 وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ 200 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے سب سے تیز ترین باؤلر ہیں۔

100 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلرز میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آئی سی سی دہائی کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈ کے لئے نامزد کئے جانے والوں میں ویرات کوہلی، جوئے روٹ، کین ولیمسن، ڈی ویلیئرز، سٹیون سمتھ، روی چندرن ایشون اور سنگاکارا شامل ہیں۔

دہائی کے بہترین ون ڈے کرکٹر ایوارڈ کی فہرست میں ویرات کوہلی، لیستھ مالنگا، مچل سٹارک، اے بی ڈی ویلیئرز، روہت شرما، مہندرا سنگھ دھونی اور سنگا کارا نامزد ہوئے ہیں۔

دہائی کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، جوئے روٹ‘ کین ولیمسن، سٹیون سمتھ، جیمز اینڈرسن، رنگانا ہیراتھ اور یاسر شاہ شامل ہیں جبکہ دہائی کے بہترین ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں کی فہرست میں راشد خان، ویرات کوہلی، ایرون فونچ، عمران طاہر، لستھ ملینگا، روہت شرما اور کرس گیل شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں