24

بابر اعظم کی تکنیک ویرات کوہلی سے بہتر، انھیں آؤٹ کرنا مشکل لگتا ہے: محمدعامر

لاہور: (سماء نیوز) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی کی نسبت قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تکینک زیادہ بہتر ہے، سمجھ ہی نہیں آتا انھیں کس طرح آؤٹ کیا جائے۔

ایک نجی ویب سائٹ کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی زبردست باؤلر ہیں، وہ مستقبل میں پاکستان کی فتوحات میں بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وہ خود بھی ہرفارمیٹ میں کھیلنا چاہتے ہیں لیکن انجری سے بچانے کے لیے ان کو احتیاط سے استعمال کرتے ہوئے کام کا بوجھ کم رکھنا ہوگا۔ متواتر کھلانے سے نقصان ہوسکتا ہے۔

محمد عامر نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکواڈ میں شمولیت کی امید تھی لیکن یہ سلیکشن کمیٹی کا فیصلہ ہے میں کیا کہہ سکتا ہوں، اب توجہ اگلی سیریز کیلئے ٹیم میں واپسی پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کرکٹ کیلیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ کئی کھلاڑی ہیرو بن سکتے ہیں، پرفارم نہ کرنے والے باہر بھی ہوں گے۔ وہاں کی کنڈیشنز بیٹنگ کے لیے آسان نہیں، چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے باؤلرز بھی مشکل میں ہوتے ہیں۔


محمد عامر نے پیسہ کمانے کی خاطر ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا تاثر رد کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال کھیل سے دوری کے بعد طویل فارمیٹ میں کھیلنا دشوار تھا، 5 سال کرکٹ سے دوری کے بعد میرے لیے ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنا بہت مشکل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میں طویل فارمیٹ کو خیرباد نہ کہتا تو انجریز کی وجہ سے کیریئر ہی مشکلات سے دوچار ہونے کا خدشہ تھا۔ یہ بات درست نہیں کہ لیگز میں پیسہ کمانے کے خاطر میں نے ٹیسٹ کرکٹ کو چھوڑا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں