41

گلگت بلتستان میں آج انتخابی دنگل

گلگت: (سماء نیوز) گلگت بلتستان میں انتخابات کے دوران 23 حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے احتتام پذیر ہو گی۔ تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

انتخابی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے، شگر حلقہ جی بی ایل اے 12 شگر کے پولنگ اسٹیشنز پر بڑی تعداد میں ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے پہنچ گئے، استور کے جی بی اے 13 حلقہ ون کے بیشتر علاقوں میں برفباری کے سبب ووٹرز کو مشکلات کے باوجود پولنگ کا عمل جاری ہے۔ وادی نلتر اور غذر میں بھی شدید برفباری سے شہری مشکل صورتحال سے دوچار ہیں، خراب موسم کے باعث کچھ پولنگ اسٹیشنز پر بجلی منقطع ہو گئی جسے بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

گلگت بلتستان میں ایک ہزار 160پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جہاں 7لاکھ 45ہزار 361ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں چار لاکھ پانچ ہزار تین سو پچاس مرد اور تین لاکھ انتالیس ہزار نوسو بانوے خواتین شامل ہیں۔ چوبیس میں سے تئیس حلقوں میں ووٹنگ کا عمل کامیابی سے جاری ہے، ایک حلقے میں امیداوار کے انتقال کے باعث انتخاب 23 نومبر کوہوگا۔ کئی حلقوں میں آزاد امیدوار بھی مضبوط ہیں جبکہ 4 خواتین میدان میں ہیں۔

گلگت بلتستان کے تین سو گیارہ پولنگ اسٹیشنز حساس اور چارسو اٹھائیس انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور مقامی پولیس کے دس ہزار اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں، پیراملٹری فورسز بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پیپلزپارٹی (پی پی) اور مسلم لیگ ن میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ ووٹرز بھی اپنی اپنی پارٹی کی جیت کیلئے سرگرم ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے گلگت بلتستان میں بھرپورانتخابی مہم چلائی، حکمران جماعت پی ٹی آئی، پی پی اور نواز لیگ نے جلسے، ریلیوں اور کارنرمیٹنگز میں خوب جان ماری، امیدواروں نے بھی کامیابی کے دعوے کردیئے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ مثالی انتخابات کروا کر تاریخ رقم کردینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں